بھار تی حکومت کی جانب سے گرو نانک دیو جی کے پرکاش پورب کے موقع پر سکھ یاتریوں کے پاکستان جانے پر پابندی

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2025ء) بھارت کی حکومت نے گرو نانک دیو جی کے پرکاش پورب کے موقع پر سکھ یاتریوں کو پاکستان جانے سے روک دیا ہے، جس سے دنیا بھر کے سکھوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے سنگین سیکیورٹی صورتحال کا بہانہ بنا کر یہ پابندی عائد کی ہے، تاہم سکھ تنظیمیں اس کو مسترد کرتے ہوئے اسے سکھوں کے بنیادی مذہبی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دے رہی ہیں۔

یہ اقدام سکھ برادری کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ہزاروں سکھ ننکانہ صاحب، کرتار پور، ڈیرہ صاحب اور پنجہ صاحب جیسے مقدس مقامات کی زیارت سے محروم رہ جائیں گے۔ عالمی سکھ تنظیموں، پاکستانی سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی اور دیگر برادریوں نے بھارتی حکومت کے اس دوہرے معیار کی شدید مذمت کی ہے، جبکہ کئی سیاسی رہنماؤں نے بھی اس فیصلے کو مذہبی آزادیوں پر حملہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے کرتارپور کوریڈور کھول کر سکھ برادری کے مذہبی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا ہے اور سیلاب کے بعد گردوارہ کرتارپور کی فوری بحالی کے ذریعے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ بھارت کی مذہبی امتیازی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرے اور سکھوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔