Live Updates

عمران خان کی ہدایت پر 27ستمبر کو سوات سے تاریخی قافلہ پشاور جلسے میں شرکت کرے گا ، فضل حکیم یوسفزئی

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:58

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہم اپنے قائد عمران خان کی ہدایت پر لبیک کہتے ہیں 27 ستمبر کو سوات سے ایک تاریخی قافلہ پشاور کے جلسے میں شرکت کرے گا قائد عمران خان کا پیغام ہے کہ میرا ہر کارکن 27 ستمبر کو پشاور پہنچے اور اس تاریخی جلسہ میں شرکت کریں جس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ جلسہ خیبرپختونخوا کی تاریخ کا عظیم الشان سیاسی اجتماع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک دلیر، بے باک اور اصولوں پر قائم رہنے والے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انصاف کے حصول پر کوئی خوش ہو یا نہ ہو، ہماری جدوجہد جاری رہے گی کیونکہ جہاں انصاف نہ ہو وہاں خوشحالی ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے رہائش گاہ مینگورہ میں 27 ستمبر کے جلسے سے متعلق مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پی ٹی آئی ضلعی صدر و ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان، چیئرمین زکو و عشر ملک آصف علی شہزاد، پی ٹی آئی مینگورہ سٹی صدر حیدرعلی، پی ٹی آئی کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ ملک میں حقیقی آزادی اور قانون کی حکمرانی تک جدوجہد قائد عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گی۔ عمران خان جو اس وقت بے گناہ جیل میں قید ہیں، ان کی رہائی اور مکمل انصاف کے لیے پوری قوم آواز بلند کر رہی ہے۔ عوام ہی وہ طاقت ہیں جنہوں نے عمران خان کو اقتدار میں لایا اور عوام ہی ان کا اصل سہارا ہیں۔فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جو لوگ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سوچتے ہیں انہیں دبایا جاتا ہے اور جیلوں میں ڈالا جاتا ہے لیکن ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

موجودہ سیاسی، معاشی اور آئینی بحران کے نازک موڑ پر قوم کی نظریں ایک بار پھر عمران خان پر مرکوز ہیں اور عوام کو امید ہے کہ وہ اس غیر یقینی صورتحال میں ایک واضح اور جرات مندانہ رہنمائی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہشات، نوجوانوں کا جوش و جذبہ اور متوسط طبقے کی امنگیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک باوقار اور خوددار پاکستان کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف اس عوامی اعتماد کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور ہر فورم پر عوامی مفاد کی نمائندگی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن ہمارا فخر ہیں جنہوں نے ہر قسم کے ناجائز ہتھکنڈوں، سیاسی انتقام اور سازشوں کے باوجود حق و صداقت کا پرچم بلند رکھا۔ ان کا جذبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان اور تمام شرکا نے انصاف، حقیقی آزادی اور عمران خان سمیت پی ٹی آئی قائدین و کارکنان کی رہائی کے حق میں نعرے بلند کیے اور پرزور مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے اپنے خطاب میں کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 27 ستمبر کو دوپہر 12 بجے میلہ ڈاگ مینگورہ پہنچیں، جہاں سے قافلہ دوپہر 12 بجے پشاور عظیم الشان جلسے کیلئے روانہ ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات