سید علی حیدر گیلانی اور بشریٰ انجم بٹ کا سندس فائونڈیشن لاہور کا دورہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین سیدعلی حیدر گیلانی اور چیئرپرسن سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، سینٹ آف پاکستان سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے سندس فائونڈیشن لاہور کا دورہ کیا۔دورے کے دوران معزز مہمانانِ گرامی نے زیرِ علاج بچوں کی عیادت کی، ان میں تحائف تقسیم کیے اور تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں سے متاثرہ مریضوں کے علاج و نگہداشت کے لیے فائونڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

بانی و صدر سندس فائونڈیشن محمد یاسین خان، ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن خالد عباس ڈار اور فائونڈیشن کی انتظامیہ نے دونوں رہنمائوں کی آمد پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

میڈیکل ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن ڈاکٹر عدنان گیلانی نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج و معالجے کی سہولیات، جدید طبی مشینری اور بلڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ فائونڈیشن ہر ماہ سینکڑوں مریضوں کو مفت خون اور علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے تمام عالمی طبی معیاروں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ مریضوں کی جینیاتی سکریننگ اور روک تھام کے لیے بھی جدید تحقیقی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔دورے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ سندس فائونڈیشن انسانی خدمت کے میدان میں شاندار کردار ادا کر رہا ہے جس پر ادارہ خراجِ تحسین کا مستحق ہے، ہم پنجاب اور وفاق کی سطح پر تھیلیسیمیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے،ہمارا مقصد اس بیماری کے علاج و تدارک کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہے،قانون سازی میں نکاح سے قبل مرد کے میڈیکل ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے سمیت ایسے تمام اقدامات شامل ہوں گے جو اس مرض کے پھیلا ئوکو نسل در نسل روکنے میں مددگار ثابت ہوں،ہماری کوشش ہے کہ اگر ہماری بدولت تھیلیسیمیا کا کوئی مریض ایک دن بھی زیادہ زندگی جی سکے تو ہم وہ تمام اقدامات ضرور کریں گے۔

اس موقع پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ یہ میرا سندس فائونڈیشن کا تیسرا دورہ ہے اور میں ادارے کی خدمات کو سراہتی ہوں،یہاں خون کی بیماریوں کے علاج کے لیے نہایت اعلی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور صفائی ستھرائی کے اعلی انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی، میں سندس فائونڈیشن کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔بانی و صدر سندس فائونڈیشن نے اس موقع پر کہا کہ سندس فائونڈیشن گزشتہ چار دہائیوں سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کو مفت علاج، خون کی فراہمی، نگہداشت اور امیدِ زندگی فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔

ادارے کی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور مختلف طبقاتِ فکر کی شخصیات اپنی موجودگی اور تعاون کے ذریعے اس مشن کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔بانی و صدر محمد یاسین خان نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈزبھی پیش کیں۔