سید مصطفی کمال سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی ملاقات،صحت عامہ کے جاری و نئے منصوبوں پر تبادلہ

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو صحت عامہ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی،وفاقی وزیرصحت

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر جنگلات گلگت بلتستان حاجی شاہ بیگ اور متحدہ قومی موومنٹ گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر محمد صابر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزارت صحت کے ایڈیشنل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل ڈویلپمنٹ اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میں صحت عامہ کے جاری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت نے زور دیا کہ حکومت ملک کے دور دراز علاقوں، بالخصوص گلگت بلتستان میں، معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات کے دوران خاندانی منصوبہ بندی و پرائمری ہیلتھ کیئر پروجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت فراہم کردہ فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے اور بچت شدہ رقوم کو ملازمین کی تنخواہوں کے لئے مختص کیا گیا ہے تاکہ منصوبے کا تسلسل اور پائیداری برقرار رہے۔اسی طرح اجلاس میں وزیراعظم کے صحت کے اقدام کے تحت گلگت بلتستان کے علاقے مناور گلگت میں مجوزہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

بتایا گیا کہ منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ماحولیاتی جانچ رپورٹ (آئی ای ای)گلگت بلتستان ماحولیاتی ایجنسی کو بھیج دی گئی ہے۔ مزید برآں منصوبے کا ڈرافٹ پی سی-ون صوبائی حکومت گلگت بلتستان کو رائے، تجاویز اور توثیق کے لئے ارسال کیا گیا ہے جس پر حتمی جواب جلد متوقع ہے۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو صحت عامہ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی،اس ادارے کے قیام سے نہ صرف علاج معالجہ کی معیاری سہولیات دستیاب ہوں گی بلکہ طبی تعلیم و تربیت کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے علاقے کے عوام کو بنیادی اور جدید صحت کی سہولتوں تک رسائی حاصل ہوگی اور یہ اقدامات خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ اجلاس میں طے پایا کہ دونوں حکومتیں قریبی رابطے کے ذریعے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گی۔