اخبارات کئی دہائیوں سے معلومات کا بنیادی اور معتبر ذریعہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 26 ستمبر 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اخبارات کئی دہائیوں سے معلومات کا ایک بنیادی اور معتبر ذریعہ رہے ہیں، ریڈیو و ٹیلی ویژن جیسے الیکٹرانک میڈیا کے فروغ کے باوجود ان کی اہمیت برقرار ہے، اخبارات پڑھنے والے افراد کو ہمیشہ معاشرہ کے باخبر ترین لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

جمعرات کواخبار بینی کے قومی دن کے موقع پر یہاں جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) 25 ستمبر کو اخبار بینی کا قومی دن منا رہی ہے۔ اس موقع پر میں اخباری برادری کے تمام اراکین کو ان کی اہم خدمات پر دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اخبارات کئی دہائیوں سے معلومات کا ایک بنیادی اور معتبر ذریعہ ہیں اور ریڈیو و ٹیلی ویژن جیسے الیکٹرانک میڈیا کے فروغ کے باوجود ان کی اہمیت برقرار ہے۔ اخبارات پڑھنے والے افراد کو ہمیشہ معاشرہ کے باخبر ترین لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ مطالعہ اخبارکی عادت نہ صرف شرحِ خواندگی کو فروغ دیتی ہے بلکہ لوگوں کو علم سے بااختیار بناتی ہے اور دنیا بھر کے حالات سے باخبر رکھتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اخبارات کھیل، تفریح، سیاست اور تاریخ سمیت مختلف موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں۔ یہ تنوع، تحقیق پر مبنی رپورٹنگ اور ماہر تجزیے کے ساتھ مل کر اخبارات کو ایک مستند اور ذمہ دار معلوماتی ذریعہ بناتا ہے۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں، جہاں جھوٹی خبریں اور غلط معلومات تیزی سے پھیلتی ہیں، وہاں اخبارات کی ساکھ اور احتساب انہیں معلومات اور بصیرت کا سب سے قابلِ اعتماد ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر ایڈیٹرز، صحافیوں، عملہ کے اراکین اور اخباری صنعت سے وابستہ تمام افراد کو قوم کی خدمت پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔