جموں و کشمیر،میر واعظ عمر فاروق مسلسل تیسرے جمعے کو گھر میں نظر بند

جمعہ 26 ستمبر 2025 13:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو تیسرے جمعے کو بھی تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمع اداکرنے سے روکنے کےلئے گھر میں نظربند رکھا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرقیادت قابض انتظامیہ نے سرینگر میں میر واعظ کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوںکی ناکہ بندی کر دی ۔

(جاری ہے)

ادھر میرواعظ عمر فاروق نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کی طرف سے انہیں مطلع کیاگیاہے کہ انہیں مسلسل تیسرے جمعہ بھی گھر میں نظربند کردیاگیا ہے اور جامع مسجد سرینگر جانے کی اجازت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسی پابندیاں بنیادی حقوق پر حملہ ہیں جن کے ذریعے عبادت کو بھی جرم بنادیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ ان کی آزادی کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے ۔قابض حکام اپنی خواہش اور مرضی سے انہیں گھر میں بند کرکے مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس آمرانہ رویے کے لیے کوئی جوابدہ نہیں۔انہوں نے بار بار عائد کی جا نے والی پابندیوں اور قابض حکام کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عوام کے جذبات کی توہین کی شدید مذمت کی ۔