پی پی اے ایف کے زیر اہتمام غربت میں کمی کے حوالے سے گورنر ہائوس پشاور میں کانفرنس کا انعقاد،فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

جمعہ 26 ستمبر 2025 15:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ ( پی پی اے ایف)کے زیرانتظام گورنر ہائوس پشاور میں جمعے کے روز ’’ مضبوط کمیونٹی اور خیبر پختونخوا میں غربت میں کمی کے پروگرام کی فراہمی کے ذریعے انسداد انتہاپسندی‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،گورنر فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق کانفرنس میں رکن قومی اسمبلی و فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سیدہ آمنہ بتول، سیکرٹری نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن( این سی ایس ڈبلیو)حمیرا ضیا مفتی، سی ای او پی پی اے ایف نادرگل و دیگر نے بھی شرکت کی۔گورنر نے کانفرنس میں پی پی اے ایف کے زیر اہتمام انفراسٹرکچر سکیم اور اولیو پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کانفرنس میں مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور تربیت مکمل کر نے والے نوجوانوں میں اسناد اور ہنرمند خواتین میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کر یم کنڈی نے کہا کہ غربت معاشرتی ناہمواریوں اور انتہا پسندی کی جڑ ہے، غربت و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مساوات اور انصاف یقینی بنانے کےلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال اور پرامن مستقبل کا راستہ معاشی و سماجی ترقی سے جڑا ہے،خیبر پختونخوا کے عوام کا مثبت تشخص آج بھی زندہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں معاشرتی برابری اور انصاف پر مبنی نظام انتہائی ضروری ہے،ہمارا مشن ایک پرامن اور ترقی یافتہ خیبر پختونخوا ہے اور ہم اس مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا سافٹ میج اجاگر کرنا ہماری ترجیح ہے۔\932