ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں بی ایس ہیلتھ اکنامکس اینڈ مینجمنٹ ، سمسٹر خزاں2025 کے طلباء و طالبات کیلئے تعارفی سیشن کا انعقاد

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) اسلام آباد میں بی ایس ہیلتھ اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سمسٹر خزاں2025 کے طلبہ و طالبات کے لئے تعارفی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں مختلف ماہرینِ تعلیم اور صحت کے شعبے سے وابستہ شخصیات نے خطاب کیا اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اپنے خطاب میں نظم و ضبط، لگن اور مسلسل محنت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ اکنامکس نہ صرف صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے ناگزیر ہے بلکہ یہ پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور نظامِ صحت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

تقریب کے دوران طلبہ کو ایچ ایس اے کے تعلیمی ماحول، نصاب اور عملی تربیت کے مواقع سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ادارے کے سینئر فیکلٹی ممبران نے ہیلتھ اکنامکس کے مستقبل اور پاکستان میں اس کے بڑھتے ہوئے تقاضوں پر روشنی ڈالی۔تقریب کا اختتام دعا اور طلبہ کے لئے نیک تمناؤں کے ساتھ کیا گیا۔ ایچ ایس اے کی جانب سے اس پروگرام کو ملک کے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔