Live Updates

پیپلزپارٹی کا حکومتوں اور بیوروکریسی کو اخراجات کم کرنے کا مشورہ

سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بھاری فنڈز درکار ہیں، وفاق اور پنجاب حکومت کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنا ہوگی،ندیم افضل چن

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:13

پیپلزپارٹی کا حکومتوں اور بیوروکریسی کو اخراجات کم کرنے کا مشورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش شدید معاشی مشکلات اور حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں، بیوروکریسی اور سیاست دانوں کو اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل متاثرینِ سیلاب کی بحالی پر خرچ کیے جا سکیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بدترین تباہی مچا رکھی ہے جس کی بحالی کے لیے حکومت کو بھاری فنڈز درکار ہیں۔ تاہم حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں جتنے متاثرین کی فوری بحالی کے لیے درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومتوں کے پاس فنڈز موجود ہیں تو انہیں ڈیموں کی تعمیر اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر استعمال کیا جانا چاہیے، مگر حقیقت یہ ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے بڑے منصوبے رکے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ندیم افضل چن نے واضح کیا کہ وفاق اور پنجاب حکومت کو اپنی موجودہ پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں میں جکڑی حکومت اور بڑھتی بے روزگاری سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران طبقہ خود کو کفایت شعاری کا پابند کرے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے باعث کسان اور عام لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ان کی حالت زار پر توجہ دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات