Live Updates

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدہ اخوت کی بہترین مثال ہے، فردوس عاشق اعوان

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما استحکام پاکستان پارٹی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الحرمین الشریفین کی پہریداری دین و دنیا میں ہمارے لئے سب سے بڑا اعزاز ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدہ اخوت کی بہترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشل پولیس فائونڈیشن کے زیر اہتمام فلیگ شپ کیمپس ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی گئی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں آج یہاں آ کر بے حد خوشی محسوس کر رہی ہوں کیونکہ آج معاشرے کے محافظوں سے براہ راست ملاقات کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں تاہم بدقسمتی سے ان کی خدمات کو اس سطح کی پذیرائی نہیں مل پاتی جس کے وہ حق دار ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا محکمہ معاشرے میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لئے ایمانداری سے کی گئی ہر کاوش عبادت کا درجہ رکھتی ہے، ہر بندہ اپنے ضمیر کے آگے خود جوابدہ ہے کیونکہ ضمیر سے بڑی کوئی عدالت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ چند سال قبل پاکستانی معیشت کی کشتی بہت ہچکولے کھا رہی تھی مگر موجودہ حکومت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی کوششوں سے یہ کشتی ایک بار پھر سیدھی ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح کے تعلقات کا دور شروع ہو چکا ہے، صدر ٹرمپ کے ساتھ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی ملاقات بہت سے دور رس بہتری کے نتائج کی حامل ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کی کامیاب سفارت کاری نے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے، معرکہ حق بنیان مرصوص میں کامیابی کے بعد پاک فوج کا مورال بلند ہوا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایبسو لوٹلی ناٹ کہنے والا خود نو بال کی طرح سیاسی گنتی سے باہر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید معاشرتی نظام اور گلوبل ویلیج کے کانسیپٹ میں افہام و تفہیم سے تعلقات کو فروغ دیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنے اپنے محاذ پر ڈٹا ہوا ہے، پاک فوج، پولیس حتیٰ کہ کھلاڑی بھی اپنے اپنے میدان میں پاکستان کی عزت کا باعث بن رہے ہیں۔ پاکستان کو ایشیا کپ میں فائنل میں پہنچنے کی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات