پاکستان اور روس کی افواج کی مشترکہ مشق، عسکری تعلقات کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)پاکستان اور روس کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں 15ستمبر کو شروع ہونے والی مشترکہ فوجی مشق دروژبہVIIIجاری ہے جو 27ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ فوج مشق میں پاکستان کی جانب سے تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیف آف جنرل اسٹاف تھے اور روسی سینئر فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں ممالک کے دستوں نے مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی ترین معیار کا مظاہرہ کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز میں استعمال ہونے والی ڈرلز، طریقہ کار اور تکنیک کو بہتر بنانا تھا، جس میں ڈرون وارفیئر، شہری علاقوں میں لڑائی اور بارودی سرنگوں کے تدارک پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس موقع پر دونوں دوست ممالک کے مابین تاریخی عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔