عالمی یوم سیاحت 2025 کے موقع پر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور برین ڈیزائنر پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس کا انعقاد

ہفتہ 27 ستمبر 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) عالمی یوم سیاحت 2025 کے موقع پر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور برین ڈیزائنر پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں حکومتی نمائندوں، بین الاقوامی سفارت کاروں، کاروباری رہنماؤں اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ اداروں اور شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی مناظر، ثقافتی ورثے اور تاریخی خزانوں سے مالا مال ہے جو بہتر پروموشن کے ذریعے معیشت میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے سیاحتی شعبے میں ترقی کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

ہم اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی حکومتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے قبائلی امور، مبارک زیب نے اپنے خطاب میں قبائلی علاقوں کی منفرد سیاحتی صلاحیتوں کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے ان خطوں میں بنیادی ڈھانچے اور سیاح دوست سہولیات کی ترقی کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

برین ڈیزائنر پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد رؤف راجہ نے کہا کہ یہ کانفرنس ان کے ویژن کی عکاس ہے جس کا مقصد پاکستان کے سیاحتی مواقع سے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو جوڑنے کے پائیدار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدت طرازی پر مبنی کانفرنسز اور تقریبات کے ذریعے ہم پاکستان کو عالمی سیاحت کے نقشے پر ایک اعلیٰ مقام کے طور پر پیش کرسکتے ہیں۔

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان نے کارپوریشن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بہتر بنا کر سیاحت کو زیادہ قابل رسائی اور پرلطف بنایا جائے گا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی نے سیاحت کی صنعت میں نوجوانوں کو شامل کرنے اور سیاحت کے انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے والے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں بین الاقوامی نمائندگی بھی قابل ذکر رہی۔ انڈونیشیا کے ایمبیسی کے چارج ڈی افیئرز، رحمت ہندیارتا نے نہ صرف شرکاء سے خطاب کیا بلکہ انڈونیشیا کی ثقافتی پرفارمنس سے تقریب کو مزید تقویت دی۔ ملائیشیا کے ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن، سیافک فردوس بن حسب اللہ نے خطے میں سیاحت کی ترقی کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انڈونیشیا کے سفارت خانے نے اپنی روایتی موسیقی اور رقص کے ذریعے اپنے ثقافتی ورثے کی بھرپور نمائش کی جو سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان اور انڈونیشیا کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتی تھی۔