آذربائیجان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام نسٹ میں” 27 ستمبرکا یادگاری دن: عظیم بہادری“ کے عنوان سے کانفرنس

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں” 27 ستمبرکا یادگاری دن: عظیم بہادری“ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں آذربائیجان کی2020 میں آرمینیا کے ساتھ جنگ میں شہید ہونے والے آذربائیجان کے فوجی جوانوں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سمیت غیر ملکی سفیروں، پاکستانی سفارت کاروں، سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مشاہد حسین سید، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے پرو ریکٹر میجر جنرل (ر) محمد عارف ملک، صحافیوں، فیکلٹی ممبران اور طلباءنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر آذربائیجان کی قوم کے لیے عظیم بہادری اور قربانیوں کا دن ہے کیونکہ یہ 2020 کی 44 روزہ حب الوطنی کی جنگ کے آغاز کی یاد منایا جاتا ہے جس نے آذربائیجان کے مقبوضہ علاقے کو تقریباً تین دہائیوں بعد دوبارہ واپس دلایا۔

سفیر نے کہا کہ اس فتح نے نہ صرف آذربائیجان کی خودمختاری کو برقرار رکھا بلکہ تقریباً 10 لاکھ بے گھر آذربائیجانیوں کے بنیادی حقوق کو بھی بحال کیا۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی مسلح افواج کی جرات کی تعریف کی اور جنگ کے دوران پاکستان کی طرف سے کی جانے والی حمایت کا خاص طور پر ذکر کیا۔ سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو ہمیشہ ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

اس سال اگست میں واشنگٹن میں آرمینیا کے ساتھ امن معاہدے کے آغاز سمیت اپنے ملک کی جاری امن کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ دیرپا امن اور علاقائی خوشحالی کا انحصار شراکت داری اور بات چیت پر ہے۔ آذربائیجان کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ان کی قربانیوں نے جنوبی قفقاز کی خودمختاری، استحکام اور مستقبل کی خوشحالی کی راہ ہموار کی ہے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مشاہد حسین سید نے اس موقع پر کہا پاکستان اور آذربائیجان کی کاراباخ اور کشمیر کے مسائل پر ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینے کی مضبوط تاریخ رہی ہے۔ انہوں نے مغربی ممالک کے دوہرے معیار پر کڑی تنقید کی جنہوں نے بحران کے وقت مسلم ممالک کو بار بار ناکام کیا ہے۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کے کردار کی تعریف کی جنہوں نے آذربائیجان کے علاقوں کو آرمینیائی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کی۔

انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کی بھی تعریف کی اور انہیں مسلم دنیا کا ایک عظیم رہنما قرار دیا۔ نسٹ کے پرو ریکٹر میجر جنرل (ر) عارف ملک نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، توانائی، دفاع اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں ایک عظیم بصیرت والا رہنما قرار دیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ تاریخی دن ہر سال 27 ستمبر کو آذربائیجان اور پوری دنیا میں مقیم آذربائیجان کے دوست ممالک میں منایا جاتا ہے تاکہ 2020 میں 44 روزہ حب الوطنی کی جنگ میں شہید ہونے والے آذربائیجان کے فوجی اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاسکے۔