گورنر خیبر پختونخوا کا لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:00

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے سترہ بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کے انجام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم، اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی بہادری کا عملی ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر بھارتی پراکسی نیٹ ورک اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے جو وطنِ عزیز سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کر رہی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور بھارتی نیٹ ورک کے خاتمے کےلیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ فخر اور قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنا حکومت اور ریاست کی اولین ترجیح ہے اور اس مشن میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے۔