Live Updates

حالیہ سیلاب نے کاشتکار کی کمر توڑ دی،زرعی ترقی کےلئے فیوچر مارکیٹنگ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، صدر پاکستان کسان اتحاد

اتوار 28 ستمبر 2025 13:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے زرعی رقبے کو تباہ کر کے کاشتکار کی کمر توڑ دی ہے۔اس نقصان کا واحد حل یہی ہے کہ معاشی اور زرعی ترقی کو فیوچر مارکیٹنگ سے بہتر کیا جائے تاکہ کسان اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہو سکے۔ ملتان پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مل بیٹھ کر پاکستان کی معاشی اور زرعی ترقی کےلئے کام کریں تاکہ کاشتکاروں اور عوام الناس کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کےلئے کھادوں اور بجلی کی قیمت میں کمی وقت کی ضرورت ہے ،اگر ایسا نہ کیا گیا تو گندم اور کپاس کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس مرتبہ بھی زیادہ سے زیادہ گندم اگائی جائے تاکہ لوگوں کی آٹے کی لائنوں میں نہ لگنا پڑے۔خالد کھوکھر نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں ،سیلاب زدہ علاقوں میں ہمیں صوبائی تعصب سے ہٹ کر متاثرین کی مدد کرنی چاہئے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اتحاد کا وقت ہے ایک دوسرے پر لفظی گولا باری کا نہیں اگر دونوں جماعتوں کی طرف سے سمجھداری کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو عام آدمی کے ساتھ ساتھ کسان بھی مشکل ترین وقت کا سامنا کرے گا ۔ہمارا مقصد ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہے ،تعلیم و صحت اور کاشتکار پر توجہ دے کر ہم ملکی ترقی کےلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان اب حکومت اور مخیر حضرات کی طرف دیکھ رہا ہے ،حکومت کو چاہئے کہ وہ بہترین ریسرچ اور منصوبہ بندی سے کاشتکاروں کو سنبھالے۔مرکزی صدر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ معاہدے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ روضہ رسول (ص) کا تحفظ پاکستان کے پاس ہے ،کیونکہ سعودی عرب پر خدانخواستہ حملہ اب پاکستان پر حملہ تصور ہو گا ۔یہ پاکستان کی بہترین سفارتکاری کا نتیجہ ہے جس پر بطور پاکستانی اور کاشتکار بے حد خوشی ہے۔انہوں نے بھارت کی ناکامی اور شکست پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور پاک فوج کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ آج افواج پاکستان پر صرف پاکستانیوں کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو فخر ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات