- ہمارے جیالوں نے اپنا لہو دے کر ملک کی جمہوری بقا کی قیمت ادا کی، بلاول بھٹو زرداری

اتوار 28 ستمبر 2025 17:45

)اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع شہید بے نظیر آباد کے گاؤں پُنھل چانڈیو کے 16 بہادر جیالوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جنہیں جنرل ضیاء کے دورِ آمریت میں 29 ستمبر 1983 کو تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) کے دوران بے رحمی سے شہید کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جیالوں نے اپنا لہو دے کر ملک کی جمہوری بقا کی قیمت ادا کی، اُن کی قربانی جبر کے خلاف جدوجہد کی تاریخ کا ایک امر باب ہے، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ٹھارو چانڈیو، شہید رجب علی چانڈیو، شہید علی شیر چانڈیو، شہید غلام مصطفیٰ چانڈیو، شہید پیر بخش چانڈیو، شہید عُرس چانڈیو، شہید صدیق چانڈیو، شہید گلاب چانڈیو، شہید ہاشم خاصخیلی، شہید جانب خاصخیلی، شہید میرو خاصخیلی، شہید علی گل خاصخیلی، شہید محمد رمضان خاصخیلی، شہید محبوب علی سولنگی، شہید اللہ رکھیو سولنگی اور شہید حسین بخش منگنہار کے نام ہماری جدوجہد کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے بدترین جبر کے باوجود آمریت کے خلاف جراًت اور مزاحمت کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم آر ڈی کے شہداء سے یہ عہد کرتے ہیں کہ اُن کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ ہم ہر قسم کی آمریت کا مقابلہ کریں گے اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس وژن کو زندہ رکھیں گے، جس کے لئے بے شمار جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنھل چانڈیو گاؤں کے شہداء کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اُنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و ہمت دے، جو آج بھی جرات کی زندہ علامت ہیں۔