موجودہ حالات میں عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں،نیاز حسین خاصخیلی

ق لیگ صرف اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی ہے،صدرق لیگ سندھ

اتوار 28 ستمبر 2025 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدرسرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں، ایسے وقت میں صرف نعرے نہیں بلکہ عملی خدمت ہی اصل سیاست ہے۔ کارکنان و ذمہ داران اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں، عوام سے رابطے بڑھائیں اور پارٹی کا پیغام ہر گلی، ہر کوچے اور ہر محلے تک پہنچائیں۔

وہ صوبائی کیمپ آفس گلستان جوہر میں پارٹی ذمہ داران کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ صوبائی قائم مقام جنرل سیکریٹری رمیزمنظورروفی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت مخلص قیادت، اصولی سیاست اور عوامی خدمت کی اشد ضرورت ہے۔ سیاسی کارکن صرف الیکشن کے دنوں میں نظر آنے کے بجائے ہر وقت عوام کے درمیان رہیں، ان کے مسائل سنیں اور ہر ممکن تعاون کریں۔

(جاری ہے)

سرائی خاصخیلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ایک نظریاتی، بااصول اور خدمت گزار جماعت ہے، جو صرف اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی تنظیم سازی اور عوامی مہم کو مزید فعال بنائیں، کیونکہ عوام کی امیدیں اب روایتی سیاست سے ہٹ کر ان قوتوں کی طرف جا رہی ہیں جو صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں۔

سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا کہ مشکل اور کٹھن وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اصل قیادت اور اصل خدمت ہے اور یہی ق لیگ کا مشن اور منشور ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں تنظیمی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور عوامی سطح پر ق لیگ کی پذیرائی میں اضافہ خوش آئند ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ میں مؤثر اور متحرک سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔