قومی انڈر 19 ون ڈے کپ چوتھا رائونڈ، راولپنڈی، سیالکوٹ ، لاہور بلوز ، کوئٹہ ، بہاولپور ،فاٹا اوراور ڈیرہ مراد جمالی کی فتوحات

اتوار 28 ستمبر 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) قومی انڈر 19 ون ڈے کپ کے چوتھے راؤنڈ میں راولپنڈی نے آزاد جموں کشمیر، سیالکوٹ نے کراچی بلوز، لاہور بلوز نے ملتان، کوئٹہ نے ایبٹ آباد، بہاولپور نے کراچی وائٹس، فاٹا نے اسلام آباد اور ڈیرہ مراد جمالی نے حیدرآباد کو ہرا دیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی نے آزاد جموں و کشمیر کو 135 رنز سے زیر کیا۔

راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 233 رنز بنائے۔ عبدالقادر نے 8 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 121 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ آزاد جموں کشمیر کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیالکوٹ نے کراچی بلوز کے خلاف 64 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 226 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کراچی بلوز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

زین العابدین اور عبدالباسط نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور بلوز نے ملتان کو 36 رنز سے ہرایا۔ لاہور بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 292 رنز بنائے۔ خضر بٹ نے 75 اور سعد صفدر نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 256 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سمیر منہاس نے 108 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

کوئٹہ نے ایبٹ آباد کو 28 رنز سے مات دی۔ کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 192 رنز بنائے۔ فضل الرحمان نے 57 اور محمد عمر نے 56 رنز اسکور کیے۔ ایبٹ آباد کی ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبدالوہاب نے نصف سنچری بنائی۔ عمر زیب نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بہاولپور نے کراچی وائٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ کراچی وائٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بہاولپور نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ولید اقبال نے 69 اور سمیر اختر نے ناقابل شکست 63 رنز بنائے۔ فاٹا نے اسلام آباد کو 223 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔ فاٹا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے شاندار 151 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد کی ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 85 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نوید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیرہ مراد جمالی نے حیدرآباد کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی۔ حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز بنائے۔ فرحان اللہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیرہ مراد جمالی نے مطلوبہ ہدف 49.2 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عشرت العباد نے ناقابل شکست 113 رنز بنائے۔ پشاور اور فیصل آباد کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا۔ فیصل آباد نے 220 رنز بنائے جبکہ ڈی ایل ایس کے تحت پشاور کو 205 رنز کا ہدف ملا۔ کم روشنی کے باعث جب کھیل 47 اوورز میں رکا تو دونوں ٹیموں کا اسکور 204 رنز تھا۔ یوں میچ ٹائی قرار پایا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ پشاور کے احمد حسین نے 73 رنز بنائے جبکہ فیصل آباد کے دانیال احمد خان نے ہیٹ ٹرک کی۔