اسرائیلی فوج عارضی طور پر فضائی حملے روک دے اور غزہ شہر کے ایک حصے سے پیچھے ہٹ جائے. حماس

دو قیدیوں کی جان کو حقیقی خطرہ ہے ‘فضائی کارروائیاں بند کریں تاکہ قیدیوں کو بچانے کی کوششیں ممکن ہو سکیں. فلسطینی تنظیم کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 ستمبر 2025 14:33

اسرائیلی فوج عارضی طور پر فضائی حملے روک دے اور غزہ شہر کے ایک حصے سے ..
غزہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر ۔2025 )فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیلی فوج سے کہا کہ وہ عارضی طور پر فضائی حملے روک دے اور غزہ شہر کے ایک حصے سے پیچھے ہٹ جائے اسرائیل دو اسرائیلی قیدیوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے جن سے اس کے بقول رابطہ منقطع ہو گیا ہے فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا کہ دو قیدیوں کی جان کو حقیقی خطرہ ہے اور اسرائیلی فورسز کو چاہیے کہ وہ فوراً سٹریٹ آٹھ کے جنوبی حصے تک واپس چلی جائیں اور آج شام چھ سے شروع ہو کر24 گھنٹے کے لیے فضائی کارروائیاں بند کریں تاکہ قیدیوں کو بچانے کی کوششیں ممکن ہو سکیں.

(جاری ہے)

اس سے قبل جاری ایک اعلان میں حماس نے کہا تھا کہ قیدیوں کے ساتھ رابطہ ختم ہونے جانے کی وجہ گذشتہ 48 گھنٹے میں غزہ سٹی کے جنوبی علاقوں کے دو علاقوں میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں ہیں، جہاں اسرائیلی فورسز نے فضائی اور زمینی حملے تیز کر دیے ہیں غزہ سٹی پر حملہ شروع کرنے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے بارہا فلسطینیوں کو جنوب کی طرف جانے کا حکم دیا.

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ اسرائیلی فائرنگ سے 38 افراد جان سے گئے جن میں 14 غزہ سٹی میں تھے قبل ازیں اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے حماس کے خلاف کام مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا حالاں کہ حملوں میں تیزی کے بعد انہیں سخت بین الاقوامی تنقید کا سامنا ہے اور جنرل اسمبلی میں سو کے قریب ممالک نے اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب پر واک آﺅٹ کیا . دوسری جانب ”الجزیرہ“ کے مطابق اسرائیل غزہ کے سب سے بڑے طبی کمپلیکس پر لگاتار بمباری کر رہا ہے پوری کی پوری عمارتیں گرا دی گئیں اور خوف زدہ مریض جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہے اسرائیلی فوج غزہ سٹی پر قبضہ کرنے کے لیے زمینی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے.