Live Updates

کوٹری بیراج پرپانی کے بہا ﺅ میں کمی، کچے کے علاقے تاحال زیرآب، امراض پھوٹ پڑے

ملتان کی تحصیل جلال پور کے نوراجہ بھٹہ بند کی تعمیر و مرمت مکمل،سیلاب سے بند میں پڑنے والا ایک ہزار 250 فٹ طویل شگاف پر کرلیا گیا ،نارووال کے دیہات میں زندگی معمول پر نہ آ سکی ، ایم 5 موٹر وے 17ویں روز بھی بند رہی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 ستمبر 2025 14:18

کوٹری بیراج پرپانی کے بہا ﺅ میں کمی، کچے کے علاقے تاحال زیرآب، امراض ..
لاہور/کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر ۔2025 )دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم کچے کے علاقے تاحال زیر آب ہیں اور امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں، نارووال کے دیہات میں بھی زندگی معمول پر نہیں آ سکی.

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاﺅ میں 25 ہزار کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پانی کا بہا ﺅ کم ہو کر 3 لاکھ87 ہزار کیوسک پر آ گیا حکام نے بتایا کہ کوٹری بیراج پر پانی کی کمی کے باوجود درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے ضلع جامشورو میں کوٹری بیراج سے ملحقہ کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی نے متعدد دیہات کو اپنے لپیٹ میں لے رکھا ہے، مسلسل سیلابی پانی جمع رہنے سے مختلف امراض پھوٹ پڑے ہیں.

دوسری جانب ملتان کی تحصیل جلال پور کے نوراجہ بھٹہ بند کی تعمیر و مرمت مکمل کرلی گئی، سیلاب سے بند میں پڑنے والا ایک ہزار 250 فٹ طویل شگاف پر کرلیا گیا ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق نوراجہ بھٹہ بند کو 3 ہزار 450 فٹ تک مضبوط حفاظتی بند میں بدل دیاگیا موٹروے سائیڈ پر حافظ والا میں 23 ہزار فٹ ڈسٹری بیوٹری ٹریک اور چوتھے نہر پر پڑنے والے 283 فٹ شگاف کی تعمیر و مرمت بھی مکمل کر لی گئی ادھر نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں دریائے راوی کے سیلابی ریلے کو ایک ماہ گزر چکا تاہم دو درجن سے زائد دیہات میں زندگی معمول پر نہیں آسکی سیلاب سے متاثرہ ایم 5 موٹر وے 17ویں روز بھی بند ہے، حکام کے مطابق موٹروے کی بحالی کا انحصار اطراف میں پانی کی سطح کم ہونے پر ہے.

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے آئندہ 24گھنٹوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے رپورٹ کے مطابق زیادہ نمی کی وجہ سے شہر کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈرہ سکتا ہے جس کی شدت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد محسوس کی جاسکتی ہے. رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ پوسٹ مون سون مضبوط ہوا کے کم دباﺅ سے سمندری ہوائیں منقطع رہیں گی، اس وقت ہوا کا واضح کم دبا ﺅ بھارتی گجرات میں موجود ہے، ہوا کا یہ کم دباﺅ مزید شدت اختیار کرکے ڈیپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے.

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق اسی سسٹم کے زیر اثر کراچی میں سمندری ہوائیں منقطع ہیں اور اس سسٹم کے بحیرہ عرب میں آنے کا امکان موجود ہیں انہو ں نے کہا کہ شہر کے مضافات میں کہیں گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں جب کہ 30ستمبر کو کراچی میں کہیں کہیں بارش کا امکان موجود ہے. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات