Live Updates

علی امین گنڈاپور کی اچانک عمران خان سے طویل ملاقات کروادی گئی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کردیئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 ستمبر 2025 13:29

علی امین گنڈاپور کی اچانک عمران خان سے طویل ملاقات کروادی گئی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی اچانک پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کروادی گئی۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کی سابق وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات ہوئی ہے، جس میں ممکنہ طور پر سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور صوبائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس ملاقات کیلئے علی امین گنڈا پور صبح 9 بجے اڈیالہ جیل پہنچے جہاں ان کی عمران خان سے جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کروائی گئی، یہ ملاقات دو گھنٹوں پر محیط رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے عمران خان کو اپنے صوبے کی گورننس سے متعلق مسائل اور صوبے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی، اس دوران انہوں نے پارٹی کے بانی چیئرمین کی خیریت بھی دریافت کی جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی پالیسیوں، عوامی ریلیف کے اقدامات اور تنظیمی معاملات پر گائیڈ لائنز دی گئیں۔

(جاری ہے)

ادھر وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے، ان کے وکیل کے عدالت میں پیش ہونے پر علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے گئے، اسلام آباد کی مقامی عدالت کی طرف سے پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف آڈیو لیک کیس میں نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پچھلی بار جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور عمران خان سے ملاقات کیلئے پہنچے تھے تو انہیں اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور ناکے پر ہی روک دیا گیا تھا، جس پر علی امین گنڈاپور کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں ملاقاتیں نہ ہوں تاکہ پارٹی کے اندر اختلافات اور غلط فہمیاں پیدا ہوں، اگر میں جیل توڑ کر اندر داخل ہو جاؤں تو اس سے کیا ہوگا، یہ ملاقات کی اجازت تو نہیں دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات