ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،بلوچستان یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن

پیر 29 ستمبر 2025 17:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) بلوچستان یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کی نئی منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب نہایت جوش و خروش اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب میں ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر کلیلم اللہ بڑیچ مہمان خصوصی تھے ، ان کے علاوہ اس تقریب میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے معزز اساتذہ کرام ، آفیسرز صاحبان، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے معزز نمائندہ گان، ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر شاہ علی بگٹی بمعہ کابینہ ممبرز ، بلوچستان گرینڈ الا ئنز کے صدرپروفیسر عبدالقدوس کاکڑ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صدر پیر محمد کاکڑ بمعہ تنظیمی عہدیہ داران، سیسا بلوچستان کے صدر محمد حنیف بنگلزئی بمعہ رفقاء اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے معزز افسران، ، اساتذہ کرام ، اور ملازمین و میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سٹیج سیکریٹری کے فرائض سید شاہ بابر نے انجام دیے، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمت اللہ کاکڑ نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہاالیکشن کمشنر غلام دستگیر نے نئی منتخب کابینہ کا اعلان کیا گیا، جس میں چیرمین نذیراحمد لہڑی،وائس چیئرمین اکرم جتک، جنرل سیکرٹری نعمت اللہ کاکڑ، جوائنٹ سیکرٹری سیدشاہ بابر، فنانس سیکرٹری رشید مینگل پریس سیکرٹری محمود اچکزئی اور ایگزیکیٹیو ممبرز میں شمس علیزء عالم خروٹی طاہر کاسی منیر جتک ذوالفقار حیدر شامل تھے۔

ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ نے تمام منتخب عہدیداران سے عہدوں کا حلف اٹھایا، حلف میں دیانتداری، ایمانداری، فرض شناسی اور تنظیم کے اغراض و مقاصد کی پاسداری کا عہد کیا گیا۔تقریب سے معزز مہمانوں میں پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ، محمد حنیف بنگلزئی ، پیر محمد کاکڑ، پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ ، شاہ علی بگٹی ، نعمت اللہ کاکڑ اور چیئرمین نذیر احمد لہڑی نے خطاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے آفیسرز کا ایک نمائندہ تنظیم ہے، اور اس تنظیم نے ہمیشہ ہر محاذ پر بلخصوص یونیورسٹی آفیسرز اور بالعموم جامعہ کے اساتذہ کرام اور ایمپلائز کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔نو منتخب صدر نذیر احمد لہڑی نے اپنے خطاب میں تنظیم کی ترجیحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پیش کرتے ہوئے تمام اراکین کو یقین دلایااور ہمیشہ کی طرح میں اور میری تمام کابینہ ، یونیورسٹی آفیسرز کے تمام حل طلب مسائل جن میں پروموشن، اپگریڈیشن ، ٹائم سکیل ، مختلف کٹ شدہ الاونسزز کی بحالی، اور وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی آئینی اداروں کے تقدس کی بحالی ریسرچ سینٹرز کے ملازمین کے تنخواہوں اور منظور شدہ الاونسز کی ادائیگی کے لئے بجٹ میں اضافہ کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے بھر پور جدوجہد کی جائیں گی۔

یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کی یہ حلف برداری تقریب ایک تاریخی موقع تھا، جس نے تنظیمی ہم آہنگی اور مثبت پیش رفت کی نوید سنائی۔ تمام شرکاء نے تقریب کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت یونیورسٹی نظام میں بہتری لانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔