Live Updates

لاہور چیمبر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھانے کی اپیل

پیر 29 ستمبر 2025 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال سے اپیل کی ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31اکتوبر تک توسیع کرے تاکہ تاجر برادری آسانی سے اپنا قومی فریضہ ادا کرسکے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک بھر میں بدترین سیلاب اور دیگر وجوہات کی وجہ سے تاجر برادری کی اکثریت 30ستمبر تک ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے نظام پر بھی کافی بوجھ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بزنس کمیونٹی ہے ۔ حکومت کو ان کی سہولت کے لیے پالیسیوں میں لچک پیدا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں توسیع نہ ہونے کی صورت میں بہت سے ایماندار ٹیکس دہندگان غیر ارادی طور پر تاخیر کے جرمانوں اور قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کریں گے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کی کہ تاجر و صنعتکار طبقے کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر 2025ء تک توسیع کا اعلان فوری طور پر کیا جائے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات