گورنر خیبرپختونخوا نے کڑی خیسور میں نادرا آفس کا باقاعدہ افتتاح کردیا

بندکورائی گرڈ اسٹیشن، پہاڑپور پاسپورٹ آفس ،نادرا پنیالہ دفاتر کا افتتاح جلد کریں گے، چشمہ لفٹ کینال ڈی آئی خان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے ،مکمل ہونے سے ملک مستفید ہوگا، فیصل کریم کنڈی

پیر 29 ستمبر 2025 23:11

گورنر خیبرپختونخوا نے کڑی خیسور میں نادرا آفس کا باقاعدہ افتتاح کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم خان کنڈی نے تحصیل پہاڑپور کے علاقے کڑی خیسور میں نادرا آفس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی ، نادرا پشاور کے حکام ، پیپلز پارٹی کے عہدیدار اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ، افتتاحی تقریب کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے دفتر کے قیام سے ہزاروں افراد کو فائدہ ہوگا اور مرد و خواتین کو ڈیرہ اسماعیل خان اور پہاڑپور کے چکر لگانے سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہم جلد ہی بندکورائی گرڈ اسٹیشن، پہاڑپور پاسپورٹ آفس اور نادرا پنیالہ کے دفاتر کا بھی افتتاح کریں گے تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کے مکمل ہونے سے نہ صرف صوبہ خیبرپختونخوا بلکہ پورا ملک مستفید ہوگا۔

اس منصوبے کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کے منصوبے پر بھی تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور یہ سہولت بھی جلد عوام کے لئے دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو جھوٹ سے بہلانے کی سیاست نہیں کرتے عملی خدمت ہمارے خاندان کا وطیرہ اور ہمارے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی تربیت کا تسلسل ہے علاقہ کے باسیوں نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا انہیں مایوس نہیں کرینگے ،انہوں نے نادرا دفاتر کے قیام اور دیگر منصوبوں میں تعاون پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل نادرا کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔