خلیج کیمبے پر ہوا کا انتہائی کم دبائو بن گیا، سائیکلون الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے

پیر 29 ستمبر 2025 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)خلیج کیمبی(بھارت)کے اوپر ہوا کا انتہائی کم دبائو بننے کے بعد محکمہ موسمیات نے سائیکلون کا پہلا الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق ویل مارک ایریا خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ گجرات(انڈیا)کے قریب ہے، کم دبا کا شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ہوا کا کم دبائو یکم اکتوبر کو شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بھارتی علاقے سوراشٹرا پہنچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرنے کے بعد سمندری سرگرمی شدت کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتی ہے۔سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اس سسٹم کی نگرانی کی جا رہی ہے۔سائیکلون کے سبب کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھے کے سبب شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پوسٹ مون سون سسٹم کے تحت کراچی میں آج(منگل) ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔