ڈی سی آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس

پیر 29 ستمبر 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ڈی سی آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، اراکین پنجاب اسمبلی زیب النساء اعوان، ملک منصور، عاصمہ عباسی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈینگی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد ڈینگی اقدامات اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز، ادویات اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ بتایا کہ تمام سرکاری و نجی اداروں میں ڈینگی سرویلنس ٹیمیں سرگرم ہیں۔ قبرستانوں، نرسریوں، تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں باقاعدہ اسپرے اور لاروے کی تلفی کے اقدامات جاری ہیں۔شازیہ رضوان نے عوامی آگاہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

شہری گھروں اور گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب پر عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کوششیں جاری ہیں۔ ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات کو عوامی تعاون کے ساتھ مزید موثر بنایا جائے گا۔

خواتین اور نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنے گھروں اور محلوں میں ڈینگی کے خلاف آگاہی پھیلائیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ڈینگی کے خلاف مہم کو تعلیمی اداروں اور کمیونٹی کی سطح پر مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ یہ مرض جڑ سے ختم کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر عوامی نمائندوں اور افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی کو ڈینگی سے محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی اور عوامی سہولت کو ہمیشہ ترجیح دی جائے گی۔

بعد ازاں شازیہ رضوان نے پیر ودھائی، یونین کونسل نمبر 7 راولپنڈی میں خواتین کو پارٹی کی رکنیت دلوانے کے سلسلے میں ممبرشپ مہم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کی ضامن جماعت ہے۔ شازیہ رضوان نے خواتین کی بڑی تعداد کو مسلم لیگ (ن) کی ممبر شپ فارم پر رجسٹر کیا اور کہا کہ خواتین معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اُن کی سیاست میں بھرپور شمولیت پارٹی کو مزید مضبوط بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت بالخصوص میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔اس موقع پر خواتین کارکنان نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ شازیہ رضوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی رکنیت سازی مہم میں عوام کی بھرپور دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ ملک میں ترقی، خوشحالی اور استحکام چاہتے ہیں۔