خوراک انسانی زندگی کی بقا اور معاشرتی استحکام کی بنیادی ضرورت ہے،صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نور محمد دمڑ

پیر 29 ستمبر 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر خوراک بلوچستان و رہنما پاکستان مسلم لیگ( ن) حاجی نور محمد دمڑ نے 29 ستمبر عالمی یوم خوراک کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ خوراک انسانی زندگی کی بقا اور معاشرتی استحکام کی بنیادی ضرورت ہے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ صوبے کے ہر شہری تک معیاری اور محفوظ خوراک کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خوراک کی کمی کو دور کرنے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی محکمہ خوراک عوام کو اشیائے خوردونوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنے، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ خوراک کی قلت اور غذائی مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے پائیدار زرعی اصلاحات، جدید طریقہ? کاشتکاری اور کسانوں کی معاونت ناگزیر ہے انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں خوراک کے بہتر استعمال اور غذائی توازن کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں بھوک اور غذائی کمی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے عالمی اداروں اور فلاحی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر غذائی تحفظ کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں آخر میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 29 ستمبر کا دن عالمی یوم خوراک ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ بھوک کے خلاف جنگ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور حکومت بلوچستان ہر ممکن کوشش کرے گی کہ عوام کو صاف، معیاری اور وافر مقدار میں خوراک میسر ہو۔