بڑھتی لاگت و پالیسی تبدیلیوں سے آپریشنل نقصانات میں اضافہ، گل احمد ٹیکسٹائل کا برآمدی ملبوسات کا شعبہ بند

برآمدی ملبوسات کا شعبہ داخلی اور خارجی عوامل کے مجموعے کی وجہ سے مستقل مارجن دباؤ کا شکار رہا، کمپنی کا پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں اس پیشرفت کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 14:24

بڑھتی لاگت و پالیسی تبدیلیوں سے آپریشنل نقصانات میں اضافہ، گل احمد ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء ) ملک کی بڑی ملز میں سے ایک گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ (جی اے ٹی ایم) نے اپنے برآمدی ملبوسات یعنی ایکسپورٹر اپیرل کا شعبہ بند کرنے کا اعلان کردیا۔ بزنس ریکارڈر کے مطابق کمپنی کی جانب سے اس فیصلے کی وجہ بڑھتی ہوئی لاگت اور پالیسی تبدیلیوں کے نتیجے میں شعبے کو مسلسل آپریشنل نقصانات بتائی گئی، کمپنی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں اس پیشرفت کا انکشاف کیا اور بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 29 ستمبر 2025ء کو اپنی میٹنگ میں شعبے کے کاروباری آپریشنز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جو شعبے کی کارکردگی اور مستقبل کے امکانات کے جامع اسٹریٹجک جائزے کے بعد کیا گیا۔

کمپنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ برآمدی ملبوسات کا شعبہ جو زیادہ مزدوری پر مبنی ہے، داخلی اور خارجی عوامل کے مجموعے کی وجہ سے مستقل مارجن دباؤ کا شکار رہا، مسلسل چیلنجز میں شدید علاقائی مقابلہ، مضبوط زر مبادلہ کی شرح، حالیہ حکومتی پالیسی تبدیلیاں جیسے ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس میں اضافہ، منتخب شدہ کپڑوں کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بلند توانائی کے نرخ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گل احمد ٹیکسٹائل ملز نے نوٹس میں بتایا کہ مجموعی طور پر یہ عوامل شعبے کی لاگت کے ڈھانچے اور منافع پر نمایاں اثر ڈال چکے ہیں جس کے نتیجے میں مسلسل آپریشنل نقصانات کا سامنا ہے اور کمپنی کا خیال ہے اس اسٹریٹجک بندش سے مالی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا کیوں کہ اس سے جاری نقصانات میں کمی، قرضوں کی سطح میں کمی اور کیش فلو کے انتظام میں بہتری آئے گی، یہ اقدام کمپنی کی مجموعی مالی پوزیشن کو مضبوط کرے گا اور اسے دیگر کاروباری شعبوں میں پائیدار ترقی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کے قابل بنائے گا، یہ فیصلہ صرف برآمدی ملبوسات کے شعبے سے متعلق ہے اور کمپنی اپنے دیگر اہم شعبوں جیسے ہوم ٹیکسٹائل، اسپننگ، اور ویونگ میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ گل احمد گروپ 1900ء کی دہائی سے ٹیکسٹائل کے کاروبار میں سرگرم ہے، مینوفیکچرنگ سرگرمیاں 1953ء میں گل احمد ٹیکسٹائل ملز کے طور پر شروع ہوئیں اور 1955ء میں یہ پبلک لمیٹڈ ادارہ بن گیا، جی اے ٹی ایم ایک جامع ٹیکسٹائل مل ہے جو مصنوعات کی تیاری اور فروخت کے ساتھ ساتھ ریٹیل کاروبار میں بھی سرگرم ہے، ریٹیل کا آغاز کراچی سے ہوا اور یہ ملک بھر میں 40 سے زائد اسٹورز تک پھیل گیا جہاں فیشن اور ملبوسات سے لے کر ہوم ایکسیسریز تک مصنوعات دستیاب ہیں۔