Live Updates

پی ٹی آئی کا ٹرمپ کے امن منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار

عوامی رضامندی یقینی بنائے بغیر مستقبل کا تعین بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے، زبردستی مسلط کی گئی کوئی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، ایسے طریقے مزید تقسیم اور بدامنی پیدا کرتے ہیں؛ اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 14:40

پی ٹی آئی کا ٹرمپ کے امن منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار کردیا۔ غزہ امن منصوبے پر باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور اس کے عوام کی حقیقی آواز کے طور پر غزہ کے بارے میں حال ہی میں اعلان کردہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے، جو فلسطینی عوام کی آزاد مرضی اور رضامندی کو یقینی بنائے بغیر فلسطین کے مستقبل کا تعین کرنا چاہتے ہیں، یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا اور مقبوضہ شام کی گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیلی سرزمین تسلیم کرنا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے اور یہ منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی کا اعلامیہ میں کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے اس اصولی مؤقف کی مسلسل تصدیق کی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جو خود فلسطینی عوام کی امنگوں کی مکمل عکاسی کرتا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مؤقف کے مطابق ہے، فلسطینیوں پر زبردستی کی گئی کوئی بھی امن کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عمران خان نے بارہا فلسطین اور کشمیر کے درمیان مماثلتیں کھینچی ہیں، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ دونوں لوگ قبضے اور حق خود ارادیت سے انکار کا شکار ہیں، پی ٹی آئی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کو یاد کرتی ہے، جس میں واضح طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اس وقت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا جب تک کہ فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق اور آزاد وطن نہیں دیا جاتا، یہ وژن پاکستان کی خارجہ پالیسی کی رہنمائی کرتا ہے اور اس کے عوام کی آواز کی بھی عکاسی ہے۔

پی ٹی آئی نے نشاندہی کی کہ اسرائیل نے کہا ہے اگر فلسطینی قبول نہیں کرتے تو یہ منصوبہ طاقت کے ذریعے مسلط کیا جا سکتا ہے، یہ تشویشناک ہے اور علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس طرح کے طریقے امن نہیں لا سکتے بلکہ مزید تقسیم اور بدامنی پیدا کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف فلسطینی کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے، اس مسئلے کو فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت اقوام متحدہ کی قراردادوں، 1967ء سے پہلے کی سرحدوں اور پاکستان کے تاریخی وعدوں کے مطابق القدس الشریف (یروشلم) کو فلسطین کا دارالخلافہ بنانے کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے مطالبے کے ساتھ کھڑی ہے، فلسطینی عوام کی جدوجہد، کشمیریوں کی طرح نہ صرف ایک سیاسی مسئلہ ہے بلکہ وقار، انصاف اور آزادی کی لڑائی ہے، تاریخ ثابت کرتی ہے کہ کسی بھی طرح آزاد زندگی گزارنے کے لیے پرعزم قوم کی خواہش کو دبایا نہیں جاسکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات