وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا نمل اور یونیسیف کے تعاون سے پاکستان سائن لینگویج کے معیار کے قیام کیلئے قومی مشاورت کا انعقاد

بدھ 1 اکتوبر 2025 15:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے نمل اور یونیسیف پاکستان کے تعاون سے اسلام آباد میں پاکستان سائن لینگویج (پی ایس ایل) کے معیار کے قیام کے لیے ایک قومی مشاورت کا انعقاد کیا۔ یہ اہم مشاورتی اجلاس اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی معذوری سے متعلق شمولیتی حکمت عملی کا حصہ ہے اور اس کا مقصد قوت سماعت سے محروم و متاثرہ افراد کے لیے ملک بھر میں رابطے کی سہولت بہتر بنانے کے لیے ایک قومی روڈ میپ تیار کرنا ہے۔

اس کثیرالجہتی مشاورتی اجلاس میں سرکاری اداروں، تعلیمی شعبے، قوت سماعت سے محروم افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی ہلال امتیاز (ریٹائرڈ)، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر، ڈائریکٹر جنرل خصوصی تعلیم وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کیپٹن (ر) آصف اقبال، ڈپٹی ریذیڈنٹ نمائندہ یونیسیف پاکستان شرمیلا رسول، سربراہ اقوام متحدہ ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر افکے بوٹسمن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف عرفان ممتاز شامل تھے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے پاکستان میں طویل عرصے سے موجود شمولیتی خلا کو پر کرنے کے لیے ایک قومی سطح پر منظور شدہ پاکستان سائن لینگویج معیار متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ نمل زبانوں پر تحقیق اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبے میں اپنی مہارت کی بدولت اس منصوبے کے لیے ایک غیر جانبدار علمی میزبان کا کردار ادا کرنے کے لیے بہترین ادارہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمل کے پاس اتنی صلاحیت اور ساکھ ہے کہ وہ بہرے افراد کی نمائندہ تنظیموں، سرکاری اداروں، محققین اور نجی شعبے کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے اکٹھا کر سکے۔ریکٹر نمل نے یونیورسٹی کے اس وژن کا بھی ذکر کیا جس کے تحت ایک معیاری پاکستان سائن لینگویج (S-PSL) کے ساتھ 10,000 سے زائد اندراجات پر مشتمل ایک جامع لغت بھی تیار کی جائے گی۔

یہ لغت مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ (ایم ایل) سے مزین بصری وسائل سے تقویت پائے گی تاکہ بہرے افراد کے لیے تعلیم، صحت اور عوامی خدمات تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس اقدام سے بہرے پاکستانی معاشرتی زندگی میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں گے، تعلیم اور ضروری خدمات تک رسائی حاصل کریں گے۔ نمل نے ایک خصوصی پی ایس ایل پراجیکٹ آفس قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جو ایک پیشہ ورانہ سائن کیپچر سٹوڈیو اور بہرے افراد کے رابطہ افسران کے ساتھ کام کرے گا۔