حریت کانفرنس کا نظر بند حریت رہنمائوں ، کارکنوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:10

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جیل حکام کی طرف سے کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدیدمذمت کی۔

انہوںنے کہا کہ طبی سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے بہت سے نظر بند کشمیری متعدد امراض میں مبتلا ہیں اور ان کی حالت روز بروز بگڑ رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ آج جب دنیا ’’عدم تشدد ‘‘کا عالمی دن منا رہی ہے تاہم یہ دن جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، جہاں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے ترجمان نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں بھارتی بیانیے کو غیر حقیقت پسندانہ اور متکبرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر جیسے سیاسی مسئلے کو فوجی ذرائع سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ بیان میں کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں کو کچلنے کے لیے بھارت کی جانب سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی گئی، جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اس وقت دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکار تعینات ہیں اور یہ خطہ اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والا خطہ مانا جاتا ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔دریں اثنا ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔