اسد قیصر ،سراج الحق ودیگر کی صمود فلوٹیلا پر حملے، مشتاق احمد سمیت دیگر عالمی لیڈروں کی گرفتاری کی مذمت

جمعرات 2 اکتوبر 2025 22:13

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور دیگر نے صوابی سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق سینیٹر و سابق صوبائی امیر مشتاق احمد خان سمیت دیگر عالمی لیڈروں کی غزہ میں گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ، سراج الحق نے کہاکہ گلوبل سمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔

ایک پرامن انسانی ہمدردی مشن کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

غیر مسلح کارکنان اور امدادی بحری جہازوں پر اس طرح کی ریاستی دہشت گردی ناقابلِ قبول ہے اور اسے عالمی سطح پر مسترد کیا جانا چاہیے تمام انسانی ہمدردی مشنز کی حفاظت یقینی بنائی جائے اوربین الاقوامی پانیوں میں ریاستی جارحیت کے مزید واقعات کو روکا جائے،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 44ممالک کے 450سے زائد امدادی کارکنوں کی گرفتاری پر اسرائیل فوج کی بزدلانہ حملے اور گرفتاری کی شدید مذمت کی اور حکومت سے ان کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ، دریں اثنا شیوہ اڈہ میں غزہ کیلئے امداد لیجانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیل کا دھاوا اور اس میں سوار جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت کئی افرادحراست میں لینے کے خلاف کارکنوں نے شیوہ اڈہ چوک میں احتجاجی دھرنا دیا ، ضلعی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی صوابی محمد علی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج جمعہ کو ضلع بھر میں احتجاج کیا جائے گا ، انہوں نے اس احتجاج میں تمام کارکنوں اور مسلمانوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔