لہہ میں کرفیو جیسی پابندیاں جاری اور موبائل انٹرنیٹ سروس معطل

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:00

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیرکے ضلع لہہ میں کرفیو جیسی پابندیاں جمعہ کو مسلسل دسویں روز بھی جاری رہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لہہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل مسلسل معطل اور پورے خطے میں بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات ہے،جسکی وجہ سے لوگ شدید خوف و دہشت میں مبتلا ہیں ۔

(جاری ہے)

24 ستمبر کو بھارتی فورسز کی جانب سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ سے چار شہری ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد علاقے میں سخت پابندیاں نافذ کر دی گئی تھیں ۔لہہ میں تمام تعلیمی ادارے بشمول اسکول اور کالج بند ہیں جبکہ دکانوں اور کاروباری مراکز نرمی کے مخصوص اوقات میں کھلے رہنے کی اجاز ت ہے ۔ ضلع بھرمیں پانچ یا اس سے زیادہ لوگوں کے ایک جگہ جمعہ ہونے پر پابندی عائد ہے جبکہ لہہ ، کارگل اور لداخ خطے کے دیگر علاقوں میں بھی جلوس، ریلی یا مارچ کی اجازت نہیں ہے۔ لداخ کے لوگ اپنے سیاسی حقوق بشمول ریاست کے درجہ اورچھٹے شیڈول کے نفاذ کا مطالبہ کررہے ہیں۔