گ* اسرائیل کا صمود فلوٹیلا پر حملہ کھلی دہشت گردی ہی:محمد شفیق ملک،ذکراللہ مجاہد

- اقوام عالم اسرائیل کو تمام قیدیوں کی رہائی پر مجبور کرے۔ عبدالعزیز عابد،طلحہ ادریس ًامیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پورے ملک کی طرح غربی لاہور میں احتجاجی مظاہرے

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:30

’لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) جماعت اسلامی ضلع لاہور غربی کے زیر انتظام منصورہ لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب میاں ذکراللہ مجاہد، سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع لاہور غربی طلحہ ادریس، ڈپٹی سیکرٹری لاہور عبدالعزیز عابد، امیر زون 168 محمد شفیق ملک نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر زون 168 محمد شفیق ملک نے کہا کہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے منہ زور گھوڑا بن چکا ہے۔

اسرائیل نے عالمی امن قافلے صمود فلوٹیلا پر حملہ کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ اسرائیل فلسطین کے بچوں کو بھوک سے مار رہا ہے اور وہ غزہ کے بچوں سے بھی ڈرتا ہے۔ پاکستان کے عوام کسی دو ریاستی حل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

دو ریاستی حل اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش ہے ۔جماعت اسلامی روز اول سے اہل غزہ کی پشتیبانی کر رہی ہے۔ پاکستان کے حکمران اور فوج اپنی پوزیشن واضح کریں۔

حکومت ابھی تک آدھا تیتر آدھا بٹیر والی حالت میں ہے۔ حکومت فوری طور پر سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے پوری دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ فلوٹیلا پر حملہ چالیس ممالک پر حملہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا واضح اعلان ہے کہ یہودی کبھی تمہارے دوست نہیں ہو سکتے۔ حکومت امریکی غلامی میں اسرائیل کے قدموں میں بیٹھ گئی ہے۔ یہ وقت ہے کہ عالمی قوتوں کے ساتھ مل کر اسرائیل کی ناکہ بندی کی جائے۔ اقوام عالم اسرائیل کو تمام قیدیوں کی رہائی پر مجبور کرے۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر 4 اکتوبر کے تاریخی مظاہرے میں شرکت کا عہد کیا۔