سرینگر،انتظامیہ نے ایک اور کشمیری خاندان کا گھر ضبط کر لیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:37

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے ضلع سری نگر میں ایک اور کشمیری خاندان کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت پر سرینگر کے علاقے زینہ کوٹ میں غلام محمد شیخ نامی شخص کا 15مرلہ اراضی پر تعمیر شدہ تین منزلہ رہائشی مکان ضبط کر لیا۔

(جاری ہے)

گھر کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے ہے۔ گھر ضبطی کی یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔یادرہے کہ مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت سلب کرنے کے بعد کشمیریوں مسلمانوں کو معاشی طور پر مفلوک الحال کرنے کیلئے انکے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک کی ضبطی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ اس ناروا اقدام کا مقصد ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیری بھارتی ہندوئوں کو دیکر علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا بھی ہے۔