رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک کا سریاب کا خصوصی دورہ، مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ

اتوار 5 اکتوبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے اپنے حلقہ انتخاب سریاب کا خصوصی دورہ کیا،انہوں نے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔حاجی علی مدد جتک نے خصوصاً شہید محترمہ بینظیر بھٹو ڈیجیٹل لائبریری کا دورہ کیا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ لائبریری کے تعمیراتی کام کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے طلبا و طالبات اور نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ایم پی اے حاجی علی مدد جتک نے خان چوک پر زیر تعمیر پل (برج) کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کنٹریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں درپیش مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سریاب کے عوام کی خدمت ان کا مشن ہے اور اپنے خصوصی فنڈز سے علاقے میں متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن میں سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور عوامی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔