Live Updates

حکومت نے مدد نہ کی تو سیلاب متاثرہ کسان دیوالیہ ہوجائینگے، زاہد اعوان

کسانوں کو فی ایکڑ مناسب مالی امداد، بیج، کھاد اور مشینری مفت فراہم کی جائے،چیئرمین تحریک عوام پاکستان

پیر 6 اکتوبر 2025 18:50

حکومت نے مدد نہ کی تو سیلاب متاثرہ کسان دیوالیہ ہوجائینگے، زاہد اعوان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب نے زراعت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہوچکی ہیں اور لاکھوں کسان اپنی روزی روٹی کے سلسلے سے محروم ہو چکے ہیں،حکومت سیلاب زدگان کسانوں کی بحالی اور معاوضے کے لیے فوری اقدامات کرے اور ایک جامع امدادی پیکیج نافذ کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زاہد اعوان کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ملک بھر میں فصلوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پنجاب میں چاول، کپاس، مکئی اور دیگر فصلوں کا تقریباً 50 فیصد حصہ تباہ ہوا ہے جبکہ پاکستان کسان ایسوسی ایشن کے مطابق مجوزہ خسارہ دو کروڑ 50 لاکھ ایکڑ تک کا ہے اور نقصان کی مالیت ایک کھرب روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

آنے والی فصلوں کے لیے بیج فراہم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، مگر بہت سے کسان اس وقت تک چندے اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہیں۔

تحریکِ عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے کہا ہے کہ کسان ہماری قوم کی ریڑھ ہیں، اگر ہم انہیں بچا نہ پائے تو ملک کی غذا اور معیشت خطرے میں پڑ جائے گی۔ حکومت کو چاہیے کہ خسارے کی فوراً پیمائش کرے، کسانوں کو فی ایکڑ مناسب مالی امداد دی جائے، بیج، کھاد اور مشینری مفت فراہم کی جائے اور قرضے معاف کیے جائیں۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بے عملی اور تاخیر نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا، تو بہت سے کسان دیوالیہ اور لاچار ہو جائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات