پاکستان ہرفورم پرمسئلہ کشمیربھرپور طریقے سے اجاگرکرتا رہے گا، سردار محمد یوسف

منگل 7 اکتوبر 2025 14:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ کوٹلہ ومرکزی رہنما مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر سید افتخار حسین شاہ کی ملاقات،دونوں رہنماؤں کے درمیان مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال،سردار محمد یوسف نے سید افتخار حسین شاہ کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر کرتا رہے گا ان شاء اللہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت مل کر رہے گا انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں رائج کالے قوانین،ظلم وتشدد،ثقافتی جارحیت اور آبادی کا تناسب بگاڑنے کے خطرے کے پیش نظر مقبوضہ علاقے میں کشیدہ صورتحال کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے اور اس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی اور شہری حقوق سلب کر رکھے ہیںانسانی حقوق کی سنگین پامالی اور ریاستی جبر اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مودی کی قیادت میں ہندوتوا پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید افتخار حسین شاہ نے سردار محمد یوسف سے کہا کہ کشمیری بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے اور وہ اپنی پرامن جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ یہ حق مل نہیں جاتا۔