اکتوبریومِ سیاہ، ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے

پاسبانِ حریت جموں کشمیر کی اپیل، بھارتی قبضے کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان

منگل 7 اکتوبر 2025 14:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) 27 اکتوبر یومِ سیاہ، ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے۔ پاسبانِ حریت جموں کشمیر کی اپیل، بھارتی قبضے کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان۔ریاستِ جموں کشمیر میں 27 اکتوبر کو بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جائے گا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوگا۔

پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء تاریخِ کشمیر کا وہ سیاہ دن ہے، جب بھارت نے بین الاقوامی اصولوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں ریاست جموں کشمیر میں داخل کر کے جبری قبضے کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی دن سے جموں کشمیر ظلم و بربریت، فوجی محاصرے اور جبر کی تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں کشمیری شہید، لاپتہ اور بے گھر ہو چکے ہیں۔

عزیر احمد غزالی نے اعلان کیا کہ پاسبانِ حریت کی جانب سے آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔ مرکزی احتجاج 27 اکتوبر بروز سوموار دن 10 بجے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کے سامنے ہوگا، جس میں تمام مکاتبِ فکر، طلبہ، وکلاء، تاجر، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان، نوجوان اور مہاجرین جموں کشمیر شرکت کریں گے۔

شرکاء سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے، بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر اقوامِ متحدہ کے عالمی مبصرین کو ایک مذمتی یادداشت بھی پیش کی جائے گی، جس میں بھارت کے جنگی جرائم، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر سخت احتجاج درج کرایا جائے گا۔

یادداشت میں اقوامِ متحدہ سے استصوابِ رائے کے انعقاد کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ کشمیری عوام اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد ناقابلِ فراموش قربانیوں سے عبارت ہے۔ 1947ء سے آج تک کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور وہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لا الٰہ الا اللہ کے رشتے سے بندھا ہوا ہے، دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں کیے جا سکتے۔''عزیر غزالی نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم ختم کرائے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا حق دے۔

عزیر احمد غزالی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور طریقے سے منائیں۔ گھروں، دفاتر اور بازاروں پر سیاہ پرچم لہرائیں، سوشل میڈیا پر اپنی آواز دنیا تک پہنچائیں اور یہ عہد تجدید کریں کہ بھارتی قبضے کے خاتمے تک تحریکِ مزاحمت جاری رہے گی۔