پشاور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی صنم جاوید کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیے جانے کی اطلاعات

پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء و سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے شوہر نے اہلیہ کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا دعوٰی کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 7 اکتوبر 2025 20:09

پشاور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی صنم جاوید کو اڈیالہ جیل منتقل کر ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اکتوبر2025ء ) پشاور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی صنم جاوید کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیے جانے کی اطلاعات، پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء و سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے شوہر نے اہلیہ کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا دعوٰی کر دیا۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کو مبینہ طور پر پشاور سے اغواء کرلیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر اغواء کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صنم جاوید کے اغواء کی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رات ساڑھے 10 بجے کیفے میں کھانا کھاکر کینٹ کی جانب جارہے تھے کہ اس دوران 2 گاڑیوں میں سوار 5 نامعلوم افراد نے زبردستی روکا اور صنم جاوید کو زبردستی ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر اغواء کاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے فوری کارروائی کا آغاز کردیا گیا، ایف آئی آر پر مکمل انکوائری کی جائے گی، نامعلوم افراد کی شناخت کرکے ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

دوسری طرف صنم جاوید کی بہن سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع کردی گئی، ضلع کچہری لاہور میں ریاست مخالف ٹویٹ اور صوبائی وزیر کی نامناسب تصویر اپلوڈ کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کر دی، اس حوالے سے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیا۔

دوران سماعت این سی سی آئی اے نے فلک جاوید کا مزید جسمانی ریمانڈ طلب کیا، تاہم پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے وکیل رانا عبدالمعروف نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ’این سی سی آئی اے کر کیا رہی ہے؟ ایف آئی آر جھوٹ پر مبنی ہے، ایف آئی آر میں 6 نام ہیں جو لنک استعمال ہوئے، میری مؤکلہ کو نہ ہی مقدمہ میں نامزد کیا گیا بلکہ ان کی بہن صنم جاوید کی وجہ سے گرفتار کیا گیا‘۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ’این سی سی آئی اے نے فلک جاوید کو جھوٹے مقدمات میں شامل کیا، این سی سی آئی اے نے پہلے ریمانڈ پر موبائل ریکور کرنے کا کہا لیکن ملزمہ اس دن سے جیل کسٹڈی میں ہیں انہیں برآمدگی کے لیے باہر کہیں نہیں لے کر جایا گیا، این سی سی آئی اے میری مؤکلہ کے اوپر موبائل کہاں سے ڈال رہی ہے؟ 9 دن کا ریمانڈ ہو چکا ابھی تک کوئی پراگریس نہیں ہوئی، اس لیے ابھی ملزمہ کا مزید جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا، عدالت ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے‘۔