شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے کی کین کمشنر پنجاب سے ملاقات ،تحفظات سے آگاہ کیا

بین الاضلاعی ،بین الصوبائی نقل وحرکت پر پابندی ،پورٹل کی بندش سے ترسیل ،فروخت متاثر ہورہی ہے

منگل 7 اکتوبر 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل نے کین کمشنر پنجاب امجد حفیظ سے ملاقات کر کے چینی کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی نقل وحرکت پر پابندی اور ایف بی آر پورٹل کی بندش سے چینی کی مارکیٹ میں ترسیل اور فروخت متاثر ہونے کے خدشات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے کہا کہ سیلاب اور موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے دیگر فصلوں کے ساتھ ساتھ گنے کی فصل کوبھی نقصان پہنچا ہے جبکہ گنے کی فصل کو مکمل تیار ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔

حکومت کو پہلے بھی یہ باور کروایا گیا تھا کہ ملک میں 15نومبر تک چینی کی وافر مقدارموجود ہے اور درآمد کی ضرورت نہیں ہے لیکن حکومت نے 3.5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کے ٹینڈرز منظور کر لیے اور جس کیلئے تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز معاف کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

درآمدی چینی کے مارکیٹ میں آنے سے اور ملوں میں چینی کے موجود ہوتے ہوئے شوگر ملوں کو جلد چلانا مناسب نہیں ہو گا۔ انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ اگر چینی کی ترسیل میں رکاوٹ جاری رہی تو نہ صرف شوگر انڈسٹری متاثر ہو گی بلکہ کسانوں کو بھی شدید نقصان ہو گا۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لے اور حکومت اور انڈسٹری مل کرملک کو اس بحران سے نکالیں۔