ڈی ایس ریلوے کی فیصل آباد تا شورکوٹ سیکشن کی موٹر ٹرالی انسپکشن، ٹریک فٹنس سمیت سہولیات کا جائزہ لیا

منگل 7 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے منگل کو فیصل آباد تا شورکوٹ سیکشن کا موٹر ٹرالی کے ذریعے تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل اور اسسٹنٹ افسران کے علاوہ دیگر ریلوے عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔ ترجمان کے مطابق انسپکشن کے دوران ڈی ایس ریلوے نے سیفٹی کے حوالے سے ٹریک کی فٹنس، الائنمنٹ، گیج، کروز، پیکنگ، ٹریک لیول اور نٹ بولٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

اس کے علاوہ لیول کراسنگ گیٹس، وے اینڈ ورکس سمیت ٹرین آپریشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نےسیکشن پر ٹرین سروس، سیکشن پر یوٹیلٹی سمیت دیگر اخراجات و آمدن کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹرین آپریشن سیفٹی سے متعلق سٹاف سے سوالات بھی پوچھے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے گنجان آبادی والے علاقوں میں ٹریک کو دونوں اطراف سے محفوظ بنانے کیلئے موقع پر افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔

ڈی ایس انعام اللہ نے سٹیشنوں کا آپریشنل ریکارڈ چیک کرنے سمیت سٹیشنوں کی عمارتوں کا بھی معائنہ کیا۔ ٹرین آپریشن سیفٹی کے حوالے سے گیٹ مین سے براہِ راست فون پر بات کرکے سٹیشنوں کے کمیونیکیشن سسٹم کا جائزہ لیا۔معائنہ کے دوران انہوں نے انکروچمنٹ کے خاتمے سے متعلق بھی متعلقہ حکام کو واضح احکامات دیئے جبکہ اس موقع پر گوجرہ ریلوے اسٹیشن پر زیر تعمیر انڈرپاس کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے مختلف سٹیشنوں پر مسافروں کیلئے سہولیات، انتظار گاہوں کی حالت، واش رومز میں صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو مزید بہتری کے حوالے سے احکامات دئیے۔ ڈی ایس نے فیصل آباد اور ڈبانوالہ ریلوے سٹیشنوں پر پودے بھی لگائے۔

انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ریلوے اسٹیشن پر دستیاب سہولیات کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ انسپکشن کے موقع پر ڈی ایس کی جانب سے اچھی کارکردگی پر شعبہ کمرشل، ٹریفک، انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں سے سٹاف کو کیش انعامات سے نوازا گیا ۔ گینگ نمبر 25 کے بہترین کام پر ڈی ایس ریلوے نے میٹ سمیت گینگ مینوں کو کیش انعامات دئیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین آپریشن سیفٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر مرضیہ زہرہ، ڈویژنل کمرشل آفیسر عدنان مروت، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عبدالرحمان، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل سگنل و ٹیلی کام انجینئر روحیل نواز، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محمد ارشاد اور برج محمد عالم سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔