ایمل ولی نے سینیٹ میں اپنی تقریر پر وزیراعظم سے معافی مانگ لی

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ سینیٹ میں امریکا کے ساتھ معدنیات سے متعلق معاہدے پر دیے گئے بیان پر وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایمل ولی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ وزیرِاعظم نے انہیں سینیٹ میں تقریر کے بعد ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا جو دراصل دورہ امریکا پر بریفنگ سے متعلق تھی۔

اے این پی کے سربراہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اگر میں کھلے عام تنقید کرسکتا ہوں تو مجھ میں اتنی ہمت بھی ہے کہ اپنی غلطی پر معافی بھی مانگوں، اگر میرے اندازے اس معاہدے کے بارے میں غلط ثابت ہوئے تو میں معافی چاہتا ہوں۔30 ستمبر کو سینیٹ میں اظہار خیال کے دوران ایمل ولی خان نے فیلڈ مارشل ، وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تصویر کا حوالہ دیا تھا جو وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری کی گئی تھی ۔