Live Updates

پشاور، انجینئرنگ یونیورسٹی میں آفات کی روک تھام کے حوالے سے چین پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ جوائنٹ لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 16:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں آفات کی روک تھام کے حوالے سے چین پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ جوائنٹ لیبارٹری کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا،یہ ''تیسری بین الاقوامی کانفرنس برائے کلائمیٹ ریزیلینٹ انفراسٹرکچر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (2025) کے موقع پر کیا گیا جو 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کی بیسویں برسی کے موقع پر منعقد کی گئی۔

یو ای ٹی پشاور تر جمان کے مطابق لیبارٹری کا افتتاح کا پروفیسر ژونگ فان چن ایگزیکٹو ڈپٹی ڈائریکٹر چین پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ جوائنٹ لیبارٹری اور پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور نے کیا۔ یہ مشترکہ لیبارٹری یو ای ٹی پشاور اور ساؤتھ ایسٹ یونیورسٹی نانجنگ( چین )کے درمیان ایک تحقیقی تعاون کا منصوبہ ہے جس کا مقصد قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب، آگ اور دھماکوں سے متعلق سمارٹ ٹیکنالوجیز، مانیٹرنگ اور پیش گوئی کے جدید نظام کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ژونگ فان چن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ لیبارٹری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دے گی جو انفراسٹرکچر کے تحفظ اور جانی نقصانات میں کمی کے لیے نہایت اہم قدم ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یو ای ٹی پشاور کو اس جوائنٹ لیب کے تحت خیبر پختونخوا کے سب سینٹر کے طور پر قائم کرنا پاک چین تعاون میں سٹریٹجک پیشرفت ہے، اس اقدام سے مشترکہ تحقیق، افرادی قوت کی تربیت، فنڈنگ کے مواقع اور سائنسی معیار کے تبادلے کو فروغ ملے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر بشیر عالم ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اور پروفیسر ڈاکٹر خان شہزادہ کانفرنس چیئرو شعبہ سول انجینئرنگ نے اس منصوبے میں پاکستان اور چین کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی، نیشنل اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان کے ڈپٹی سائنٹیفک ایڈوائزر راجہ شہریار نے کہا کہ لیبارٹری کے حوالے سے ایک مشترکہ ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو منصوبے کی شفاف اور مؤثر نگرانی کرے گی۔دو روزہ کانفرنس میں بین الاقوامی ماہرین کی 66 ریسرچ پیپرز،سیمینارز اور تیکنیکی سیشنز شامل ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات