چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں،ڈی سی چمن

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اے سی چمن امتیاز علی بلوچ کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی لیویز، پولیس اور ایف سی کی مشترکہ ٹیموں شروع کی گئی افغان باشندوں کی وطن واپسی کی کاروائیوں کا جائزہ لیا۔

اس دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی افغان مہاجرین کو حراست میں لے کر، ضروری قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد انہیں افغانستان واپس ڈی پورٹ کر دیئے جائیں گے ۔ڈی سی چمن نے اس موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چمن میں تمام غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے رضاکارانہ طور پر فوری طور وطن واپس چلے جائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تمام افغان مہاجرین کا مکمل انخلا مکمل نہ ہو ۔انہوں نے کہا گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کو پاکستان نے پناہ دے رکھی ہے جوکہ انسانیت دوستی بھائی چارے اور ایک اچھے ہمسائیگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب افغانستان میں امن و امان قائم کیا گیا ہے لہذا تمام افغان مہاجرین واپس اپنے ملک جا کر وطن کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں آخر کب تک افغان باشندے دوسرے ممالک میں زندگی بسر کریں گے۔