سید یوسف رضا گیلانی کا پاک فوج کے بہادر افسر میجر سبطین حیدر کو خراجِ عقیدت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:45

سید یوسف رضا گیلانی کا پاک فوج کے بہادر افسر میجر سبطین حیدر کو خراجِ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے حالیہ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسر میجر سبطین حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ میجر سبطین حیدر نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے بہادری، جر ات اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک روشن مثال قائم کی، ان کی قیادت میں فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا اور ملک دشمن عناصر کو جہنم واصل کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وطن کے تحفظ کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے سکیورٹی فورسز کے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری اور فرض شناسی نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کی دہشتگردی سے محفوظ رکھے۔