بلوچستان قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کی سرزمین ہے، پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ زرین خان مگسی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کی سرزمین ہے، اور سیاحت و ثقافت کے فروغ کے ذریعے صوبے کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو قدرت نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے۔

جہاں بلند و بالا پہاڑ، نیلگوں ساحل، صحرائی مناظر، تاریخی تہذیبیں اور نایاب ثقافتی رنگ یکجا نظر آتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار زرین مگسی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری کلچر و ٹورزم سہیل الرحمان بلوچ، ڈائریکٹر کلچر داؤد خان ترین اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیرِ اہتمام تین روزہ ''بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول'' کا آغاز آج لوک ورثہ اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔

فیسٹیول کا افتتاح وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل ہوں گے۔زرین مگسی نے کہا کہ فیسٹیول کا بنیادی مقصد بلوچستان کے مثبت اور پْرامن تشخص کو اجاگر کرنا اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کے دلکش مقامات سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، کراچی اور دیگر شہروں کے علاوہ مستقبل میں بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے ثقافتی فیسٹیولز منعقد کیے جائیں گے۔

فیسٹیول میں بلوچستان کے ہنرمندوں، فنکاروں اور موسیقاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس دوران فوٹو ایگزیبیشنز، ہینڈی کرافٹس شو، علاقائی موسیقی، فوک پرفارمنسز اور ثقافتی مکالمے منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد وفاقی دارالحکومت کے شہریوں سمیت ملک بھر کے عوام کو بلوچستان کی ثقافتی خوشبو اور مہمان نوازی سے متعارف کرانا ہے۔

نوابزادہ زرین مگسی نے مزید کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں زیارت کے سرسبز پہاڑ، ہنگول کے مناظر، ہنگلاج ماتا کا مندر، خضدار کے چشمے، اور گوادر کا نیلا سمندر قدرتی حسن کی وہ جھلکیاں ہیں جو کسی بھی بین الاقوامی سیاحتی مقام سے کم نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی مخصوص علاقوں تک محدود ہے، پورے صوبے میں حالات ایسے نہیں جیسے پیش کیے جاتے ہیں۔

عوام اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور امن و استحکام کی فضا تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنگلاج میں ہر سال لاکھوں ہندو یاتری مذہبی رسومات کے لیے آتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان ایک پرامن اور روادار معاشرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا وژن ایک پرامن اور خوشحال بلوچستان ہے، جہاں سیاحت، ثقافت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں، اور صوبہ پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔