وزارت داخلہ کا ملک میں امن و عامہ کے لئے فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 13:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزارت داخلہ نے ملک میں امن و عامہ کے لئے فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نےفیڈرل کانسٹیبلری کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فورس کے میوزیم میں موجود قدیم اسلحے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن عامہ یقینی بنانے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی استعدادِ کار بڑھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو ہر لحاظ سے مضبوط کیا جائے گا تاکہ وہ قیامِ امن کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ جوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ انہیں تربیت کے لیے بیرونِ ممالک بھی بھیجا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو پاکستان کی صفِ اوّل کی فورس بنانا ترجیح ہے، اور اس کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے لیے میری مکمل سپورٹ فیڈرل کانسٹیبلری کے ساتھ ہے۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔