پاکستان کی چین کو گوشت کی برآمدات میں 208 فیصد اضافہ

رواں سال کے پہلے 8 ماہ میں پاکستان نے چین کو 9.55 ملین ڈالر مالیت کا گوشت برآمد کیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:45

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) سال 2025کے ابتدائی آٹھ ماہ جنوری سے اگست کے دوران پاکستان کی چین کو گوشت کی برآمدات میں 208فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق یہ بات جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز آف چائنا (جی اے سی سی)کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار میں سامنے آئی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق جنوری سے اگست 2025 کے دوران پاکستان نے چین کو 9.55 ملین ڈالر مالیت کا گوشت برآمد کیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 3.10 ملین ڈالر تھا۔

اس شاندار اضافے کی وجوہات میں قرنطینہ کے نظام میں بہتری، پاکستانی میٹ پروسیسنگ کمپنیوں کو چینی منڈی تک وسیع رسائی، اور چین میں معیاری حلال گوشت کی بڑھتی ہوئی مانگ شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آٹھ ماہ میں پاکستان نے چین کو051. 1,613 ٹن ابلا ہوا بیف برآمد کیا، جو کہ 2024 کے اسی عرصے میں 973 . 645 ٹن تھا۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کے بعد متعدد پاکستانی کمپنیوں کو چینی حکام ک سے منظوری ملی، جس کے بعد برآمدات میں نمایاں بہتری آئی۔

خاص طور پر گوادر بندرگاہ اور خنجراب بارڈر کے ذریعے بہتر لاجسٹک روابط نے ترسیل کے وقت کو کم اور لاگت کو گھٹا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق جانوروں کی صحت سے متعلق سرٹیفکیشن اور پروسیسنگ معیار پر باہمی تعاون سے مستقبل میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تجارت کو مزید فروغ ملے گا، جس سے زرعی شعبے کی جدیدکاری اور علاقائی سطح پر غذائی تحفظ کو تقویت حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان کا لائیو اسٹاک شعبہ چینی سرمایہ کاری سے مستفید ہو رہا ہے، خاص طور پر جدید افزائش نسل، فیڈ ٹیکنالوجی اور کولڈ چین انفراسٹرکچر کے شعبوں میں، جس سے گوشت کے معیار اور تسلسل میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔