ْسیالکوٹ، گوجرانوالہ چیمبرز اور جی سی سی آئی کا گوادر میں چھوٹی صنعتیں قائم کرنے کا اعلان

اسکا مقصد نوجوانوں کے لیے قانونی روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دینا ہے،سیالکوٹ میں چمڑے اور میڈیکل آلات، گوجرانوالہ میں الیکٹرانکس کی تربیت دی جائے گی، صدر جی سی سی آئی جہیند ہوت

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:45

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی)نے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے صنعتی مراکز کے تعاون سے گوادر میں چھوٹے پیمانے پر صنعتیں قائم کرنے کے لیے 50 رکنی ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کردیا جس کا مقصد نوجوانوں کے لیے قانونی روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دینا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جی سی سی آئی جہیند ہوت نے کہا کہ یہ اقدام لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے چیمبرز آف کامرس کے حالیہ دوروں کے بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کا دورہ کیا، جو بڑے صنعتی مراکز ہیں۔ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ نے ہمارے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق انہوں نیکہا کہ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے چیمبرز گوادر سے تعلق رکھنے والی 50 رکنی ٹیم کو مختلف صنعتی مہارتوں کی تربیت فراہم کریں گے۔ سیالکوٹ چیمبر چمڑے کی مصنوعات، طبی آلات اور دیگر شعبہ جات میں تربیت دے گا، جبکہ گوجرانوالہ چیمبر الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پر توجہ مرکوز کرے گا۔ دونوں چیمبرز تین ماہ کی تربیت کے دوران مفت رہائش بھی فراہم کریں گے۔

اس کے بعد ماہرین گوادر کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں برآمدی اشیا کی تیاری کی صلاحیت کا جائزہ لیا جا سکے، اور اگر ممکن ہوا تو وہ وہاں چھوٹی صنعتیں قائم کرنے اور تربیت یافتہ افراد کو ملازمت دینے پر آمادہ ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا یہ موقع سب کے لیے کھلا ہے، چاہے وہ جی سی سی آئی کے رکن ہوں یا نہ ہوں۔ ہم گوادر سے باصلاحیت اور پرعزم افراد کا انتخاب کریں گے اور یا تو خود تربیت کے اخراجات برداشت کریں گے یا سیالکوٹ اور گوجرانوالہ چیمبرز کے ساتھ مل کر یہ خرچ پورا کریں گے۔

گوادر پرو کے مطابق جی سی سی آئی کے میڈیا ایڈوائزر ساجد بن رحیم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد گوادر کی معیشت کو قانونی اور پائیدار صنعتوں کی طرف منتقل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہم گوادر کا ماحول تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور لوگوں کو قانونی کاروباروں کی طرف لانا چاہتے ہیں۔ یہاں ایک تاثر پایا جاتا ہے کہ صرف غیر قانونی تجارت، جیسے ڈیزل کا کاروبار ہوتا ہے، ہم اس تاثر کو بدلنا چاہتے ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ گوادر میں اس وقت صنعتوں کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے مقامی دولت ضلع سے باہر چلی جاتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ گوادر کا پیسہ گوادر کے اندر گردش کرے اور گھریلو سطح پر مائیکرو صنعتیں قائم کرنے کے منصوبے بیان کیے۔ جی سی سی آئی نے 50 چھوٹے کاروباری منصوبے شناخت کیے ہیں، جن میں پلاسٹک مینوفیکچرنگ، بوتل بند پانی، کوکنگ آئل کی ری پیکیجنگ، اور مصنوعی زیورات شامل ہیں، جو مقامی طور پر تیار کیے جا سکتے ہیں۔

رحیم نے کہا اگر ہم صرف 30 چھوٹی صنعتیں بھی قائم کر لیں، تو یہ تقریبا 300 افراد کو براہ راست ملازمت دے سکتی ہیں، اور بہت سے دیگر بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ جی سی سی آئی ان صنعتوں کو محکمہ چھوٹی صنعتیں بلوچستان کے ساتھ رجسٹر کروانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ انہیں قانونی حیثیت اور سرکاری معاونت حاصل ہو۔ یہ اقدام گوادر کو ایک صنعتی مرکز میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو سیالکوٹ اور گوجرانوالہ جیسے پاکستان کے کامیاب برآمدی مراکز کے ماڈل پر مبنی ہے۔